Description
نماز سے متعلقہ مسائل میں ایک اہم اختلافی مسئلہ فاتحہ خلف الامام یعنی امام کے پیچھے فاتحہ پڑھنے یا نہ پڑھنے کا ہے۔ اس موضوع پر فریقین کی بیسیوں کتب موجود ہیں۔ فاتحہ خلف الامام کا انکار کرنے والوں کی طرف سے اس سلسلے کی جامع کتاب “احسن الکلام” شائع ہوئی ہے۔ جس کا کچھ جواب “خیر الکلام” میں حافظ محمد گوندلوی صاحب نے بخوبی دیا ہے۔ لیکن “احسن الکلام” کے نئے ایڈیشن میں “خیرالکلام” پر بھی اعتراضات کئے گئے ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب “توضیح الکلام” اسی “احسن الکلام” کے محدثانہ جائزے اور تنقید متین پر مشتمل ہزار سے زائد بڑے سائز کے صفحات پر پھیلی ہوئی ایک بے مثال علمی و تحقیقی دستاویز ہے۔ اس کتاب کے پہلے حصے میں ٹھوس علمی دلائل سے ثابت کیا گیا ہے کہ سورۂ فاتحہ کے بغیر نماز نہیں اور امام، مقتدی اور منفرد سب کیلئے یہی حکم ہے۔ دوسرے حصے میں مانعین کے دلائل کو محدثانہ نقد و نظر کی کسوٹی پر رکھ کر ان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ مؤلف احسن الکلام نے اپنے مؤقف کو سنبھالا دینے کیلئے جو تاویلات فاسدہ کی ہیں، شاذ اقوال کا سہارا لیا ہے اور علمی خیانتوں کا ارتکاب کیا ہے، تدلیس و تلبیس اور دجل و فریب سے بھی دامن وابستہ رکھا ہے، فاضل مصنف شیخ ارشاد الحق اثری حفظہ اللہ نے اپنے تعقبات میں ان پر ہر پہلو سے بڑی مدلل گفتگو بلکہ سخت گرفت کی ہے اور کوئی اہم و غیر اہم گوشہ تشنہ بحث نہیں رہنے دیا۔ بلاشبہ فاتحہ خلف الامام کے موضوع پر یہ کتاب ایک بحر زخار ہے۔ ممکن ہے کہ ٹھوس علمی گفتگو کو عام قارئین سمجھنے میں دقت محسوس کریں لیکن سمجھنے کی کوشش کرتے رہنا چاہئے۔
Reviews
There are no reviews yet.